اسلام آباد میں بڑھتے جرائم کے پیش نظر پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا سمیت تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی، جہاں شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جرائم کی روک تھام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ غیر قانونی مقیم افغانیوں کے جرائم میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، اس لیے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ڈی آئی جی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سنگین جرائم میں ملوث متحرک گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور گاڑی و موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شہر میں گشت اور چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کے تحفظ کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا سکے، جبکہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
پولیس کے مطابق ایک کارروائی میں ملزم سے دونوں موبائل فون برآمد کر لیے گئے ہیں اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔






