جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں انہیں روایتی اعزاز کے طور پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد پہنچنے پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مہمان صدر اور ان کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور باہمی تعاون کے عزم کو ایک بار پھر اجاگر کیا گیا۔
صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس تاریخی موقع پر دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی پیش رفت اور مضبوط اشتراک کی علامت ہے۔
انڈونیشیا کے صدر پہلی بار اسلام آباد آئے ہیں، جس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت، اقتصادی تعاون اور علاقائی معاملات پر مشترکہ پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔






