اگر ایک مائنس ہوا تو کوئی نہیں بچے گا، حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے: بیرسٹر گوہر

0
264

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر ایک مائنس ہوا تو پھر کوئی بھی نہیں بچے گا اور حالات سب کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری دنیا نہیں کہ دو میں سے ایک کو نکال دیں اور ایک باقی رہے، سیاست میں ایسا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، جو ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا رہی اور جو بھی ملاقات کے لیے جاتا ہے اسے بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر ملاقات کرنے والے چند گھنٹے مزید بیٹھ بھی جاتے تو اس سے ملک کو کیا نقصان ہونا تھا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت یہ عذر پیش کر رہی ہے کہ خان کی ٹویٹ کی وجہ سے ملاقات نہیں ہو رہی، لیکن اگر ایسا ہے تو پھر بشریٰ بی بی کے خاندان کی ملاقاتیں کیوں نہیں کروائی جا رہیں جبکہ وہ تو کوئی پریس کانفرنس بھی نہیں کرتے؟

پی ٹی آئی چیئرمین نے خبردار کیا کہ اگر یہی رویہ جاری رہا تو حالات بگڑیں گے اور کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سسٹم کا حصہ اسی لیے ہیں تاکہ جمہوریت برقرار رہے اور وہ تین کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد خطرناک ہے اور اس سے فیڈریشن کے یونٹس ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بات کر رہی ہے جبکہ ابھی تک پارٹی کا سرٹیفیکیٹ بھی منظور نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر یہی حالات رہے تو ایک ماہ میں صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا