اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امورِ خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں اور کوئی جمہوری قیادت تحریک انصاف سے بات چیت کیلئے تیار نہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بانی اور پاکستان کے درمیان لکیر کھینچی جا چکی ہے، پی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور احتجاج کے نام پر فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج نے شہریوں کی زندگی متاثر کر دی ہے اور یہ لوگ چاہتے ہیں کہ قیدی کو کسی اور صوبے میں منتقل کیا جائے۔
اختیار ولی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سمگلروں کو پی ٹی آئی کی چھتری تلے پناہ ملی ہوئی ہے، صوبائی حکومت دہشتگردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے اور سیاست کیلئے مذہب کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کے اپنے ضلع میں منشیات کا کاروبار جاری ہے جبکہ 13 سال میں ایک یونیورسٹی یا ہسپتال تک نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں ایران اور قطر کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور یہی خارجہ پالیسی ملک کے مفاد میں ہے۔






