خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کو کی گئی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پہلی کارروائی ضلع مہمند میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 خوارج مارے گئے۔
اسی طرح بنوں میں سکیورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں 6 خوارج ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران شرپسندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان علاقوں میں مزید ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔






