سڈنی: آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے بونڈی بیچ پر ہونے والے حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے کہا کہ بونڈی ساحل پر یہودیوں کی مذہبی تقریب حنوکا کے دوران مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
انتھونی البانیز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں زیادہ تر ہلاک ہونے والے آسٹریلوی شہری تھے، حکومت یہودی کمیونٹی سمیت تمام شہریوں کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کرے گی۔
انہوں نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری ایکشن سے کئی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
واضح رہے کہ فائرنگ کے دوران ایک حملہ آور پولیس کی کارروائی میں مارا گیا جبکہ دوسرے دہشت گرد کو ایک شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابو کرلیا، شہری خود بھی زخمی ہوا تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔





