ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کا نام ایک بار پھر تنازع میں آگیا، بنگلور میں ان کے شریک ملکیتی پب میں رات گئے ہونے والی تلخ کلامی پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور کے سینٹ مارکس روڈ پر واقع ریسٹورنٹ اور پب باسٹین میں 11 دسمبر کی رات ڈیڑھ بجے بل کی ادائیگی پر گاہکوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹیج میں پب کے اندر موجود افراد کے درمیان شدید بحث دیکھی جا سکتی ہے، صورتحال کشیدہ ہونے پر عملے نے مداخلت کر کے معاملہ کنٹرول کیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو میں کاروباری شخصیت ستیہ نائیڈو بھی نظر آئے، جنہوں نے بدتمیزی یا ہاتھا پائی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف صرف بل کی ادائیگی پر ہوا۔
رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹی واقعے کے وقت پب میں موجود نہیں تھیں اور وہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی نظر نہیں آتیں، تاہم 2019 میں انہوں نے باسٹین ریسٹورنٹ شراکت میں قائم کیا تھا جس کے باعث ان کا نام زیر بحث ہے۔
سینٹرل ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ازخود نوٹس لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج اور متعلقہ افراد کے بیانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگر تفتیش کے دوران کسی سنگین جرم کا انکشاف ہوا تو باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔





