اسلام آباد: سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری 23 دسمبر کو مکمل کر لی جائے گی جبکہ تمام اہم معاملات 19 دسمبر تک طے پا جائیں گے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو بریفنگ دیتے ہوئے عثمان باجوہ نے بتایا کہ پی آئی اے خریدنے والے سرمایہ کار کو نئے طیاروں کی خریداری پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کے 26 ارب 60 کروڑ روپے کے واجبات بھی نئے سرمایہ کار ادا نہیں کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کامیاب بولی دہندہ کو پاکستان ایوی ایشن کے 7 ارب روپے بھی ادا نہیں کرنا ہوں گے جبکہ پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔ نجکاری کے فوراً بعد پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری لازمی ہوگی۔
سیکرٹری نجکاری کے مطابق سرمایہ کاروں کے ساتھ حتمی کمرشل شرائط آج رات تک طے کر لی جائیں گی جبکہ بولی میں حصہ لینے کے لیے 2 ارب روپے زرِ ضمانت جمع کروانا ضروری ہوگا۔





