تھانہ میرپور کی حدود کاغان کالونی میں افسوسناک واقعے میں تین معصوم بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ میاں بیوی شدید زخمی اور بے ہوش حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق 33 سالہ کاشف ولد منصف اور اس کی اہلیہ 35 سالہ شیزا بی بی زخمی حالت میں موقع پر موجود تھے، خاتون کے سر اور گردن پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت غازیان (6 سال)، آئزل (3 سال) اور 9 ماہ کے شہرام کے نام سے ہوئی، جن کی موت مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے سے ہوئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ایوب ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق باپ کی جانب سے اہل خانہ کو زہر دینے کا شبہ ہے، تاہم حتمی تصدیق جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں اس نے آن لائن ٹریڈنگ میں ایک قاری کے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے لگانے اور رقم ہارنے کا اعتراف کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رقم کی واپسی کے دباؤ اور مکان کے مطالبے پر ملزم شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔






