وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دونوں وزرا نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے پراسیس کا معائنہ کیا اور مسافروں سے امیگریشن کے عمل سے متعلق رائے بھی لی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بہتر کارکردگی پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کے باعث بورڈنگ بند ہونے کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ یقینی بنانے کے احکامات دیے۔
مسافروں نے وزرائے داخلہ کو بتایا کہ چند ہی منٹوں میں امیگریشن کا عمل مکمل ہو رہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم پیشہ ور بھکاریوں یا نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کی جگہ جیل ہے۔






