پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی جانب سے نادرن بائی پاس میں انٹیلیجنس بیسڈ طویل کارروائیوں کے دوران 1 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کے ایرانی اسمگل شدہ 64,578 لیٹر پیٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیے گئے۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی کے مطابق آپریشن دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور رات 11:30 بجے تک جاری رہا۔ کسٹمز نے پیٹرول پمپس کے ذریعے چلنے والے پانچ ڈمپنگ پوائنٹس پر چھاپہ مارا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کے لیے مخصوص ڈیزائن کی حامل ایک مزدا گاڑی ایرانی ڈیزل کے ساتھ ضبط کی گئی۔
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کو ڈپ کے ذریعے پیمائش کے لیے ایک گودام میں منتقل کیا گیا۔ آپریشن کے دوران ضبط کی گئی مزدا گاڑی کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے، جس کے ساتھ کیس کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 65 لاکھ روپے بنتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول پمپ سے 43,000 لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد ہوا، ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول کی مقدار 10,139 لیٹر ہے، جبکہ مزدا گاڑی سے 11,439 لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا۔






