اسلام آباد: فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں سیرت چیئر کے تحت “رسول اکرم ﷺ کی ابلاغی حکمتِ عملی کی عصری معنویت” کے عنوان سے سیرت سیمینار منعقد ہوا، جس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ راغب حسین نعیمی نے بطور مہمانِ خصوصی اور کلیدی مقرر شرکت کی۔
سیرت سیمینار کا انعقاد سیرت چیئر کے ڈائریکٹر حافظ عبدالرشید کی میزبانی میں شعبہ ماس کمیونیکیشن اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب میں انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر، وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، شعبہ جاتی سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سیمینار کی نظامت اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سکندر زرین نے کی۔
علامہ راغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں کمیونیکیشن کا سب سے کامیاب اور مؤثر ماڈل رسول اکرم ﷺ نے پیش کیا۔ آپ ﷺ نہ صرف وحیِ الٰہی کے امین تھے بلکہ اسے انسانیت تک پہنچانے والے عظیم ترین ابلاغی معلم بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کا اسلوبِ گفتگو مشفقانہ، سادہ اور سامعین کی ذہنی سطح کے مطابق ہوتا تھا، جبکہ مکالمہ، حسنِ اخلاق اور بردباری آپ ﷺ کی ابلاغی حکمتِ عملی کے نمایاں پہلو تھے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ زندگی کے ہر شعبے میں سیرتِ رسول ﷺ کو رہنمائی کا ذریعہ بنائیں اور میڈیا وار و ڈیجیٹل میڈیا کے موجودہ دور میں اس موضوع کے انتخاب کو بروقت اور فکری تربیت کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات عام کرنا عبادت ہے۔ مس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کے دور میں حق اور سچ کی پہچان کے لیے بہترین نمونہ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ انہوں نے سیرت چیئر کے علمی کردار کو سراہتے ہوئے شعبہ ماس کمیونیکیشن اور آئی آر کو ہم نصابی سرگرمیوں کے تسلسل پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے کہا کہ جدید سائنس، ٹیکنالوجی اور میڈیا کے دور میں اخلاقیات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اور یہ خوش آئند ہے کہ جامعہ میں سیرت چیئر اس فکری ضرورت کو پورا کر رہی ہے۔
شعبہ ماس کمیونیکیشن و آئی آر کے سربراہ ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ علامہ راغب نعیمی جیسی علمی شخصیت سے طلبہ کا مستفید ہونا جامعہ کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن ماڈلز کو سمجھنے کے لیے سیرتِ رسول ﷺ کا مطالعہ ناگزیر ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سکندر زرین نے کہا کہ یونیورسل کمیونیکیشن ماڈل ہمارے پیارے نبی ﷺ کی ذات سے ہی ملتا ہے، اور آج کے میڈیا طلبہ کے لیے سچ کو اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے پیش کرنے کی بہترین مثال سیرتِ رسول ﷺ ہے۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانِ خصوصی علامہ راغب حسین نعیمی کو اعزازی شیلڈ پیش کی، جبکہ ڈائریکٹر سیرت چیئر حافظ عبدالرشید نے وائس چانسلر کو سیرتِ نبوی ﷺ کی کتاب پیش کی۔





