اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حفاظت کریں گے، مسیحی افسران کی خدمات کو قوم کبھی نہیں بھولے گی:شہباز شریف

0
539

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ کسی بھی اقلیتی شخص کے ساتھ زیادتی یا ناانصافی کی صورت میں قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں کہی، جہاں انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیہا سلام کی تعلیمات کو انسانیت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، خاص طور پر مسیحی برادری کا تاریخی اور قابل قدر کردار ہے۔ قیام پاکستان سے آج تک تمام اقلیتوں نے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جس میں تعلیم، طب اور دفاع شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال مئی میں پاکستان نے فیلڈمارشل کی قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں بھارت کے 7 جہاز گرائے گئے اور 8ویں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

شہباز شریف نے اپنے قائد نواز شریف کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مساوات، عدل، انصاف اور برابری کے علمبردار رہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں انسانیت کے ساتھ بردباری اور محبت سے پیش آنا چاہیے۔

وزیراعظم نے دکھی انسانیت کے لیے مسیحی بھائیوں کے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اقلیتی شہری سے زیادتی یا ناانصافی نہیں ہونے دیں گے اور ان کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، اور مسجد، مندر، گرجاگھر یا گوردوارہ میں سب کو عبادات کی آزادی حاصل ہے۔

بعدازاں وزیراعظم نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا، جس میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا