وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور اگر کسی بھی اقلیتی رکن کے ساتھ زیادتی ہوئی تو وہ اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوں گی۔
یہ بات انہوں نے کرسمس کے موقع پر لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں جہاں کہیں بھی اقلیتوں کے لیے قبرستانوں یا دیگر سہولیات کے مسائل ہیں، انہیں فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتی رہنما رمیش سنگھ اروڑا کو ہدایت کی کہ حکومت کو اقلیتوں کے لیے درکار بجٹ کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم سب مسلمان، سکھ، مسیحی یا ہندو نہیں بلکہ پاکستانی ہیں، اور کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اقلیتوں کے حقوق سے کھیلنے کی کوشش کرے۔
وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی جانب سے چرچز کی صفائی کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ صوبہ ہر شہری کے لیے محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکے۔ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو صاف اور بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں اقلیتوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروں کا، اور حکومت مینارٹی کارڈ کی رقم 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود مزید بہتر بنائی جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو پوری دنیا کے سامنے مثال بنانا ہے، اور دکھانا ہے کہ صوبے کے تمام شہری سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد اور محفوظ ہیں۔ پنجاب نے واقعی اقلیتوں کو اپنا تاج اور دل کا حصہ بنایا ہے۔






