لاہور: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 30 دسمبر سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں آئندہ چند روز میں ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارشیں اور بعض علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ 2 جنوری 2026 تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان: کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، سبی، تربت، گوادر، لسبیلہ، کیچ اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
سندھ: کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا: چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔
گلگت بلتستان/کشمیر: دیامیر، استور، سکردو، ہنزہ، وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب/اسلام آباد: مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 31 دسمبر کو میانوالی، بہاولپور، مظفرگڑھ، جھنگ اور ساہیوال میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔





