اداکار ضرار خان رشتہ ازدواج میں منسلک

0
400

پاکستان شوبز کے ابھرتے ہوئے اداکار ضرار خان نے اپنی نجی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کرتے ہوئے نکاح کی خوش خبری مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر نے دیکھتے ہی دیکھتے توجہ حاصل کر لی، جس کے بعد مبارک بادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

انسٹاگرام پر سامنے آنے والی تصاویر کے مطابق ضرار خان نے 28 دسمبر 2025 کو کاروباری شخصیت مومل خان کے ساتھ نکاح کیا۔ اداکار نے تصاویر کے ساتھ ایک دلچسپ اور مزاحیہ کیپشن بھی تحریر کیا، جس میں لکھا کہ ’’کس نے کہا کہ کھانا بنا کر کسی لڑکی کا دل نہیں جیتا جا سکتا؟‘‘ اس جملے کو مداحوں نے خوب پسند کیا۔

نکاح کی تقریب نہایت سادگی اور نجی ماحول میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ضرار خان سفید کرتا شلوار اور ہم رنگ واسکٹ میں ملبوس نظر آئے، جبکہ دلہن مومل خان نے پستہ رنگ کا دیدہ زیب لباس زیب تن کیا، جس پر ہلکی سنہری کڑھائی، سیکوئنز اور زری کا نفیس کام نمایاں تھا۔

ضرار خان کا تعلق ایک پشتون خاندان سے ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ اور ڈیجیٹل کنٹینٹ کری ایشن سے کیا اور انسٹاگرام پر کوکنگ ویڈیوز کے ذریعے خاصی مقبولیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور شوق کو پیشہ بنانے کے لیے ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ان کی اہلیہ مومل خان ایک کامیاب کاروباری خاتون ہیں، جو ایک کنسلٹنسی اور امیگریشن کمپنی کی بانی ہیں، جبکہ ایک ملبوسات کے برانڈ کی شریک بانی بھی ہیں۔

ضرار خان کے نکاح کی خبر اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں شوبز شخصیات اور مداح ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا