راولپنڈی میں سپر فلو کے 4 کیسز رپورٹ

0
449

راولپنڈی میں انفلوئنزا اے (ایچ تھری) المعروف سپر فلو کے کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق اب تک 22 مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے چار میں سپر فلو کی تصدیق ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ دسمبر کے دوران سامنے آنے والے مشتبہ کیسز میں سے صرف چار مریض متاثر پائے گئے، جن کا بروقت علاج کیا گیا اور تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق انفلوئنزا اے (H3) کے حوالے سے کڑی نگرانی جاری ہے، جس کے تحت شدید نوعیت کی سانس کی بیماریوں اور انفلوئنزا سے مشابہ علامات والے کیسز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ موجودہ وبائیاتی اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ بیماری کا پھیلاؤ محدود رہا۔

تصدیق شدہ کیسز میں سے تین راولپنڈی کے علاقوں سیٹلائٹ ٹاؤن، یونین کونسل 39 اور ریلوے کالونی سے رپورٹ ہوئے، جبکہ ایک کیس مری سے سامنے آیا۔ ریپڈ رسپانس پروٹوکول کے تحت 18 قریبی رابطوں کی ٹریسنگ کی گئی، جن میں سے صرف ایک ثانوی کیس مثبت پایا گیا۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ معمول کی صفائی، بار بار ہاتھ دھونے اور سانس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں ہے اور متعلقہ علاقوں میں نگرانی کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا