اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان فری لانسنگ کے شعبے میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے اور نوجوان ملکی معیشت کی سب سے بڑی طاقت بن سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اسی لیے حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور جدید تربیت فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ نتائج کے حوالے سے نظم و ضبط کی کمی ہے۔ پاکستان 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ملک ہے جبکہ سالانہ شرحِ نمو 2.5 فیصد ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے پائیدار معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ناگزیر ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مقصد پاکستان کا سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک مشترکہ طور پر تشکیل دینا تھا، جو محض ایک پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک جامع مالیاتی ڈھانچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس آئی بی میں بالخصوص نوجوان خواتین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے نیوٹیک اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجراء پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مرحلوں میں نتائج پر مبنی مزید فنڈنگ کی جائے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔






