ڈھاکہ: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔ پارٹی کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔
ان کے علاج پر مامور میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کے مطابق خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور باقاعدگی سے ڈائیلاسس کیا جا رہا تھا۔ جب بھی ڈائیلاسس کا عمل روکا جاتا، ان کی حالت میں نمایاں بگاڑ آ جاتا تھا۔ زیادہ عمر اور پیچیدہ بیماریوں کے باعث ایک ساتھ تمام بیماریوں کا علاج ممکن نہیں رہا تھا۔
واضح رہے کہ خالدہ ضیا 1991 سے 1996 تک بنگلا دیش کی وزیراعظم رہیں۔ ان کے صاحبزادے چند روز قبل بنگلا دیش پہنچے تھے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بنگلا دیش کے لیے خالدہ ضیا کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیگم خالدہ ضیا بنگلا دیش کی خدمت اور ترقی کی علامت تھیں اور پاکستان کی ایک مخلص دوست بھی تھیں۔





