اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ کو صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز، بالخصوص سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف جاری آپریشنز سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مشترکہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خوارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔






