اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ لندن کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز 29 مارچ کو روانہ ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی لندن کے لیے پروازیں چھ سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں۔ لندن پی آئی اے کا پہلا بین الاقوامی اور ایک انتہائی اہم و پرکشش روٹ ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پہلی پرواز مانچسٹر پہنچی تھی۔






