اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) نے عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کے لیے دی گئی 135 ارب روپے کی بولی کی توثیق کرتے ہوئے اس کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو سفارش کر دی ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی، وزیراعظم کے مشیران برائے نجکاری، صنعت و پیداوار، خصوصی معاونین وزیراعظم طارق باجوہ اور بلال کیانی، وفاقی سیکریٹریز کابینہ، نجکاری، دفاع، قانون اور توانائی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارت نجکاری نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمیٹی نے عارف حبیب کنسورشیم (اے ایچ سی) کی جانب سے دی گئی بولی کی توثیق کرتے ہوئے اسے منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد قومی ایئرلائن ایک بار پھر ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے گی۔





