رحیم یارخان: وزیراعظم شہباز شریف رحیم یارخان پہنچ گئے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات رحیم یارخان میں واقع شیخ زید پیلس میں ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات پر خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں کے علاوہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی شاندار ترقی کو سراہا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔






