لاہور: ملک کے مختلف حصوں میں کہیں بادل، کہیں بارش اور کہیں برفباری سے موسم کے حسین مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ کوئٹہ، چمن اور گوادر میں بارش سے سردی بڑھ گئی، جبکہ توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی۔ چمن اور گردونواح میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور سیلابی ریلے آبادی میں داخل ہو گئے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ رزمک، شوال، وانا، برمل اور شکئی کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد برفباری ہوئی۔ دیامر میں برفباری کے باعث بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جبکہ بابوسر ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری ہوتی رہی۔
وادی نیلم میں بھی برفباری ہوئی، اڑنگ کیل، گریس ویلی اور تاؤ بٹ میں برف کی سفید چادر بچھ گئی۔ چلاس میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور بالائی علاقوں میں سرد ہواؤں کا راج رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی برفباری کا امکان ہے۔ سندھ میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور نوڈیرو میں بادل برسے۔ ادھر لاہور میں بھی آج اور کل بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔





