گلگت بلتستان کے برزل پاس میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور ایک سپاہی سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔ یہ واقعہ 3 جنوری کی رات تقریباً دو بجے پیش آیا جب شدید سرد موسم میں برف ہٹانے کا آپریشن جاری تھا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق برف صاف کرنے کی کارروائی کیپٹن اسمد کی نگرانی میں کی جا رہی تھی کہ اچانک ایک بڑا برفانی تودہ آ گرا۔ اس حادثے میں کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 سالہ کیپٹن اسمد کا تعلق لاہور، سپاہی رضوان کا تعلق اٹک جبکہ مشین آپریٹر عیسیٰ کا تعلق استور سے تھا۔ تینوں افراد کو سخت کوششوں کے بعد تودے کے نیچے سے نکالا گیا، تاہم ان کی حالت تشویشناک تھی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ شہداء نے انتہائی خراب موسم میں فورسز کی نقل و حرکت کو ممکن بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی یہ قربانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔






