امریکی حملے میں 40 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ، واشنگٹن کی تصدیق سے گریز

0
97

وینزویلا کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کیے گئے فوجی حملے میں 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق وینزویلا کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں شہری اور فوجی اہلکار دونوں شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ حملے ہفتے کی علی الصبح کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی حکام نے حملے میں کسی ہلاکت کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ تردید۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کارروائی کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، البتہ متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر چیئرمین امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو نکالنے کے لیے امریکی ہیلی کاپٹروں نے کارروائی کی۔ اس دوران ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ پرواز کے قابل رہا اور تمام امریکی طیارے بحفاظت واپس آگئے۔

یاد رہے کہ امریکی فوج نے ایک روز قبل وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے تھے، جن کے بعد صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرکے نیو یارک منتقل کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔

اس حوالے سے روسی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ صدر مادورو صدارتی محل چھوڑ چکے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا