اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا، جہاں عوام کو نادرا، پولیس، سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر آفس، ایف بی آر، سوئی ناردرن سمیت 60 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آسان خدمت مراکز کے قیام سے عوام کو بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی اور سرکاری امور میں شفافیت اور تیزی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز کے لیے ماسٹر ٹرینرز نے آذربائیجان سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی حکومت کا شکر گزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آسان خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی خدمات ایک چھت تلے فراہم کرنے کے لیے مزید آسان خدمت مراکز بنائے جائیں گے اور پاکستان میں حکومتی خدمات کے ایکو سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آسان خدمت مراکز میں کارکردگی کے واضح اہداف مقرر کیے جائیں گے اور ہر سہ ماہی تھرڈ پارٹی پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بیرونِ ملک پاکستانی سفارت خانوں میں بھی آسان خدمت مراکز کے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں۔
اس موقع پر آذری وفد نے پاکستان میں اصلاحات اور نظام میں جدت لانے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے آسان خدمت مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔






