پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان میں پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے احکامات پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شریعتِ اسلامیہ کے نام پر معاشرے کو غلام اور آزاد میں تقسیم کرنا قابلِ تشویش ہے۔ کونسل کے مطابق افغان حکومت کے احکامات قرآن و سنت کے مطابق نہیں اور یہ ہندو مت کی تعلیمات سے مشابہت رکھتے ہیں۔
پاکستان علما کونسل نے کہا کہ افغان طالبان حکومت خود کو شرعی اسلامی حکومت قرار دیتی ہے، اس لیے ان معاملات پر اپنا مؤقف فوری طور پر دنیا کے سامنے لانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ عہدِ جاہلیت کے قوانین اور رسومات کو اسلام کے نام پر دوبارہ نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اختیار کیا گیا طرزِ عمل انسانیت کی توہین اور تذلیل کے مترادف ہے۔ ایسے احکامات کو شرعی قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ یہ جدید جاہلیت کی عکاسی کرتے ہیں۔





