پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکار جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین کے ہاں دوسرے بچے کی آمد ہوئی ہے۔
اداکار یاسر حسین نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 24 جنوری کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس خوشگوار خبر کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے اور ننھی مہمان 24 جنوری کو دنیا میں آئی ہے۔
یاسر حسین کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ننھی پری کے لیے دعائیں بھی کیں۔

یہ خوش خبری اس لیے بھی خاص سمجھی جا رہی ہے کہ چند ہفتے قبل اقرا عزیز اور یاسر حسین نے مداحوں کو جلد ایک بڑی خوش خبری شیئر کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین مختلف قیاس آرائیاں کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین اس سے قبل ایک بیٹے کے والدین بھی ہیں، جو جولائی 2021 میں پیدا ہوا تھا۔ جوڑا اپنے بیٹے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتا رہتا ہے، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی دسمبر 2019 میں ہوئی تھی، اور ان کی شادی کی تقریبات شوبز انڈسٹری میں خاصی زیرِ بحث رہیں۔ شادی کے بعد سے یہ جوڑا اپنی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ساتھ ساتھ نجی زندگی کے باعث بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔





