چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج ایک بڑے تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور جدید دور میں جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی میں منعقد ہونے والی بڑی پیمانے کی تربیتی جنگی مشق اسٹیڈ فاسٹ ریزولوو کا مشاہدہ کیا۔ مشقوں کے دوران ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی تیاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر میں جنگ صرف روایتی ہتھیاروں تک محدود نہیں رہی بلکہ مستقبل میں ٹیکنالوجیکل جنگی صلاحیتیں جسمانی تدابیر کی جگہ لیں گی۔ اس مقصد کے لیے ذہنی تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بتایا کہ مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، جس میں انوویشن اور انڈیجینائزیشن کو بنیادی ستون کی حیثیت حاصل ہوگی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح کیا، جو جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کا عزم غیر متزلزل ہے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی مینٹیننس، انڈیجینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہاولپور گیریژن آمد پر کمانڈر بہاولپور کور نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔





