ٹی 20 ورلڈکپ: سب ایک دن میں پرفارم نہیں کرتے، جیت سب سے اہم ہے: فہیم اشرف

0
374

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا ہے کہ کرکٹ میں ایسا نہیں ہوتا کہ ہر کھلاڑی ہر میچ میں پرفارم کرے، جو آج نہیں کر سکا وہ آئندہ ضرور کرے گا، اصل بات ٹیم کی جیت ہے۔

کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف ٹی 20 ورلڈکپ کے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ انہیں اپنی اننگز کا پہلے سے اندازہ نہیں تھا۔ رنز مشکل سے بن رہے تھے لیکن ذہنی دباؤ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں یہ ان کی بہترین اننگز ہے اور یہ صرف ان کی نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک یادگار اننگز ہے۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں ہر اننگز خاص ہوتی ہے، جب ٹیم اور ملک کے لیے کچھ اچھا ہو تو وہ ہمیشہ یاد رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بولنگ نہ بھی ملے تو اس سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑی کو جب بھی موقع ملے اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے لیے سب سے اطمینان کی بات یہ ہے کہ میچ جیتا گیا۔ وکٹیں جلد گرنے کے باعث دباؤ آیا، ہمیں پارٹنرشپ کی ضرورت تھی، اگر شراکت قائم ہو جاتی تو صورتحال اتنی مشکل نہ ہوتی۔

فہیم اشرف نے پچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں اسپنرز کو مدد مل رہی تھی، وقت کے ساتھ پچ فاسٹ بولرز کے لیے بہتر ہوتی گئی، اسی لیے اسپنرز کو زیادہ بولنگ ملی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر شعبے میں، حتیٰ کہ فیلڈنگ میں بھی بہترین کارکردگی کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کی حمایت اور دعائیں جاری رکھیں، ہم پاکستان کے لیے مزید خوشیاں لانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کولمبو میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آخری دو اوورز میں 29 رنز درکار تھے، ایسے میں فہیم اشرف نے 19ویں اوور میں 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور آخری اوور میں چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنائے اور شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا