صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں اتوار سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال (اپر و لوئر)، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان (اپر و لوئر) اور کولائی پالس میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشاندہی کی کہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ بالائی اور برف باری والے علاقوں میں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برف باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے اقدامات پر عمل درآمد کی تلقین کی ہے جبکہ حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کا بھی حکم دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال ہے اور عوام کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





