وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ لنڈی کوتل، ضلع خیبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن عباس خان کے والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ باہمت والدین کا حوصلہ ہی قوم کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے اور پوری قوم شہدا کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
اس موقع پر شہید کیپٹن عباس کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر بیٹا قربانی دینے کو تیار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دورے کے دوران قبائلی عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات کی۔ قبائلی عمائدین نے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر کھڑے رہیں گے اور شہدا کے نقشِ قدم پر چلتے رہیں گے۔
قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور ملکی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔





