کراچی۔ حیدرآباد موٹروے ایم 9 پر کاٹھور کے مقام پر پانچ گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
حادثہ ایم نائن سپر ہائی وے پر انصاری پل کے قریب پیش آیا جہاں چار تیز رفتار گاڑیاں اور ایک مسافر بس مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئیں۔ تصادم کے نتیجے میں ایک مسافر بس، ایک مال بردار ٹرک اور کم از کم تین کاریں بری طرح متاثر ہوئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 10 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ بعد ازاں زخمیوں میں سے مزید افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی۔ متعدد زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122، چھیپا اور ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مال بردار ٹرک الٹنے کے باعث ڈیزل سڑک پر پھیل گیا تھا، جس سے سڑک پھسلن کا شکار ہوگئی اور تیز رفتاری کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔





