کراچی: سندھ اسمبلی گیس لوڈشیڈنگ قرارداد منظور کر لی گئی جس کے تحت ماہِ رمضان میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد ایوان میں متفقہ طور پر منظور کی گئی۔
قرارداد حکومتی رکن سمعتا افضال سید نے سندھ اسمبلی میں پیش کی، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جائے۔
بحث کے دوران رکن اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ گیس کے مسئلے پر ایوان میں متعدد بار قراردادیں منظور ہو چکی ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جا رہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھا جا چکا ہے اور آج کی قرارداد خاص طور پر رمضان کے تناظر میں پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں کسی حد تک سہولت فراہم کی جاتی ہے تاہم دیہی علاقوں میں گیس اور بجلی کی صورتحال زیادہ متاثر کن نہیں۔
ایوان نے ایک اور قرارداد بھی منظور کی جس میں حادثات کی صورت میں یونیورسل انشورنس کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ قرارداد محمد مظاہر کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
قرارداد کی منظوری کے بعد ارکان اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔





