نیویارک/واشنگٹن: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے یونائیٹڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک نے ملاقات کی، جس میں ڈی ایف سی کے اسٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں ادارے کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور دیگر سینئر حکام بھی شریک تھے۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مشترکہ منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے معاشی استحکام، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے ڈی ایف سی کو توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
وزیرِ اعظم نے ڈی ایف سی کے ایک ارب ڈالر سے زائد کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو سراہا اور اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
بینجمن بلیک نے ڈی ایف سی کے اقدامات اور پاکستان میں ممکنہ منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ادارہ شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔





