خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک

0
579

سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 مارچ کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

مزید برآں خیبر اور جنوبی وزیرستان میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب پاکستان افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا