واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر وزیراعظم شہباز شریف کا بیان شیئر کیا، جس میں پاکستان کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کی گئی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کی رضامندی سے مذاکرات کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے جاری مذاکرات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے یہ پیغام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو ٹیگ کیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی اور مذاکراتی کوششوں کے لیے تیار رہا ہے اور میڈیا سے درخواست کی کہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔





