مری: مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ہے، جہاں درجنوں درخت گر چکے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
متاثرہ علاقوں میں متعدد گھروں کی دیواریں، چھتیں اور برآمدے بھی شدید نقصان کا شکار ہو گئے ہیں، جس سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے رہائشیوں کی ہنگامی نقل مکانی کا آغاز کر دیا ہے اور مساجد کے ذریعے اعلانات کر کے لوگوں کو اپنے گھروں کو خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر جھیکاگلی چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ بھی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوا ہے اور مٹی کے تودے گرنے سے منصوبے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی منتقلی کے اقدامات جاری ہیں۔





