لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم ضمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ سات دہائیوں سے عالمی ضمیر پر مسلسل دستک دے رہا ہے، جبکہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حالت عالمی یوم ضمیر منانے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے ہر ملک و قوم کو اپنے ضمیر کی آواز سننی ہوگی۔ اقوام متحدہ کا عالمی یوم ضمیر ہمیں سوچنے کی دعوت دیتا ہے اور یہ دن بنیادی آزادی کے احترام کے آفاقی اصولوں پر عمل کرنے کی یاد دلاتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ انسانی فلاح و بہبود کے لیے ہمدردی کا احساس ضمیر میں برقرار رہنا ضروری ہے اور 2026 کے عالمی یوم ضمیر کا تھیم بہتر مستقبل کے لیے ہوش مندانہ فیصلے کرنے کی تلقین کرتا ہے۔
مریم نواز شریف نے زور دیا کہ انسانیت کی بقاء کے لیے دنیا کے باشندوں کا ضمیر زندہ رہنا چاہیے اور انسانی ضروریات کے درمیان ضمیر کے احساس کو برقرار رکھنا ہی اصل انسانیت ہے۔





