واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے کا ایک موقع قرار دیتے ہوئے سخت دھمکیاں بھی دے دی ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اس کے پاور پلانٹس اور پلوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “منگل ایران میں پاور پلانٹ اور پل کا دن ہوگا، سب کچھ لپیٹ دیا جائے گا۔”
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیر کو معاہدے کا ایک اچھا موقع موجود ہے اور ایران اس وقت مذاکرات کر رہا ہے، تاہم اگر جلد پیش رفت نہ ہوئی تو سخت کارروائی پر غور کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران معاہدہ کرنے میں ناکام رہا تو ملک بھر میں بنیادی تنصیبات کو تباہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ تیل کے ذخائر پر قبضے کا بھی عندیہ دیا۔
اس سے قبل بھی امریکی صدر ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ڈیڈ لائن دے چکے ہیں اور خبردار کیا تھا کہ مہلت ختم ہونے کے بعد سخت نتائج سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو متعدد بار دھمکیاں دے چکے ہیں، تاہم سفارتی کوششوں کے باعث بعض مواقع پر ان میں نرمی بھی دیکھنے میں آئی ہے۔





