پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں حیدرآباد کنگز کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے کہا ہے کہ ٹیم کا ماحول مثبت ہے اور تمام کھلاڑی نتائج کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ خراب آغاز کے باوجود ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور وقت کے ساتھ اس میں مزید بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اس وقت نتائج کے بارے میں نہیں بلکہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ابتدائی میچز میں ٹیم سے غلطیاں ہوئیں، تاہم کھلاڑی ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔
ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ پچھلے دو میچز میں شکست کے باوجود یہ کھیل کا حصہ ہے، کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوتی ہیں لیکن کوشش یہی ہے کہ ہر میچ میں ان غلطیوں کو کم کیا جائے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کی غیر یقینی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتار چڑھاؤ ہر ٹیم کے ساتھ ہوتا ہے۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں اسلام آباد نے ابتدائی میچز جیتنے کے بعد ہارے جبکہ لاہور نے آخری لمحات میں کوالیفائی کر کے ٹورنامنٹ جیت لیا۔
صائم ایوب نے واضح کیا کہ ٹیم اپنی حکمت عملی پر قائم ہے اور نتائج کے بجائے عمل پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے اور ٹیم اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔
کوالیفکیشن کے امکانات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ٹیم دوسری ٹیموں کے نتائج پر نظر رکھنے کے بجائے اپنے کھیل پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق ابھی چھ میچز باقی ہیں اور ٹیم تمام میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فارم کے حوالے سے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ وہ فارم اور آؤٹ آف فارم کے تصور پر زیادہ یقین نہیں رکھتے، اصل توجہ اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے پر ہے، چاہے نتائج کچھ بھی ہوں۔





