اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی وفد کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جاری مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات فریقین کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔





