خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں رنگ لانے لگیں: وزیراعظم

0
733

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد دونوں ممالک کو آمنے سامنے بٹھانے کا سہرا پاکستان کو جاتا ہے اور حکومت اس عمل میں مثبت پیشرفت کے لیے پُرامید ہے۔

وفاقی کابینہ نے مذاکرات کے انعقاد کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور ایران و امریکا کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 47 سال بعد اعلیٰ سطح پر براہ راست بات چیت ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اور ایرانی وفود پاکستان کی درخواست پر اسلام آباد آئے اور مذاکرات کے دوران جنگ بندی برقرار رکھنے میں بھی مدد ملی۔

وزیراعظم نے اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر غیر معمولی عزت ملی ہے اور اسے جنگ کے بادلوں کو امن میں تبدیل کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان 21 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے اور دونوں وفود نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھی پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے اور مختلف ممالک کی قیادت نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا