راولپنڈی: بارانی زرعی یونیورسٹی کو سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر 26 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کا مین کیمپس بند رہے گا جبکہ تدریسی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جائیں گی۔ انتظامیہ نے طلبہ کو فوری طور پر ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
مزید برآں اساتذہ اور اسٹاف ممبران کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔
دوسری جانب بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے بھی 20 سے 24 اپریل تک تمام کلاسز آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ 20 اور 21 اپریل کو ہونے والے مڈ ٹرم امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
ادھر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ شہر میں دکانیں یا بس اڈے بند کرنے کے حوالے سے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے، اور اگر ایسے فیصلے کیے گئے تو عوام کو پیشگی آگاہ کیا جائے گا۔






