کراچی: پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ ٹیم نے ہارنے کی عادت برسوں پہلے چھوڑ دی اور اب مسلسل کامیابیاں ان کی شناخت بن چکی ہیں۔
راولپنڈی کے خلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ بیٹرز کی شاندار کارکردگی نے بڑا اسکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے ہدف کا دفاع آسان ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ وکٹ آسان نہیں تھی لیکن بیٹنگ لائن نے بہترین کھیل پیش کیا جس کا کریڈٹ مکمل طور پر بیٹرز کو جاتا ہے۔
فاسٹ بولر نے اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب نتائج اچھے نہ ہوں تو ٹیم اپنی غلطیوں پر کام کرتی ہے اور گزشتہ میچز کی خامیوں کو دور کیا گیا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایک کھلاڑی کو خود کو مسلسل بہتر بنانا پڑتا ہے، خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وکٹیں لینا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز اب تک تین بار ٹرافی جیت چکی ہے اور جیت کو اپنی عادت بنا چکی ہے، ٹیم باقی میچز جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 210 رنز بنائے، جبکہ ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی کی ٹیم 178 رنز تک محدود رہی۔






