کراچی: سماجی کارکن شیما کرمانی اور دیگر انسانی حقوق کی خواتین ورکرز کی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کے معاملے پر تین پولیس افسران کو معطل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او ویمن حنا مغل اور ایس ایچ او آرٹلری میدان تھانہ ندیم حیدر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور خواتین کے حقوق و احترام کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ساوتھ پولیس نے کراچی پریس کلب کے باہر سے شیما کرمانی سمیت متعدد خواتین ورکرز کو حراست میں لیا تھا، جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا تھا۔






