راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں 3 اور 4 جون کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں کی گئیں۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 2 خوارج ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی خان اور مہمند میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔





