اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف محدود نوعیت کی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ 9 جون کو موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر دہشتگرد حملہ کیا گیا جبکہ اس سے قبل 2 جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر خودکش حملہ اور 9 مئی کو بنوں میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگرد کیمپوں اور محفوظ ٹھکانوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔
وفاقی وزیر کے مطابق تباہ کیے گئے مراکز میں ایک تربیتی مرکز، ایک خفیہ پناہ گاہ اور اسلحہ کا ذخیرہ شامل تھا، جبکہ خارجی کمانڈر علیم خان خوشحالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل کے مراکز بھی نشانہ بنائے گئے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔





