راولاکوٹ: راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ شرپسند عناصر کی جانب سے پولیس بکتربند گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق عیدگاہ راولاکوٹ میں پولیس کی بکتربند گاڑی پر 30 سے زائد گولیاں چلائی گئیں، جبکہ گاڑی پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے ایک سرغنہ کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں شرپسند کارروائیوں کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل آزاد کشمیر حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا تھا۔ معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد حکومت نے تین روز قبل پہلے سے ختم کیے گئے مقدمات بھی دوبارہ بحال کر دیے تھے۔
محکمہ قانون و انصاف آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں واپس لی گئی 177 ایف آئی آرز دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔






